MOST READ

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے نئی دہلی میں جی20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد دو روز تاخیر سے بھارت سے واپس روانہ ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو جمعہ کو جی20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت پہنچے تھے اور اتوار کو مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد وطن واپسی کا شیڈول تھا۔ تاہم پرواز سے پہلے جانچ کے دوران ان کے طیارے میں فنی خرابی کا پتا چلا جس کے نتیجے میں کینیڈا کی مسلح افواج نے ان کے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا اور وہ اپنے پورے وفد کے ساتھ مزید دو بھارت میں قیام پر مجبور ہوئے۔ وزیراعظم کے پریس سیکریٹری محمد حسین نے تصدیق کی کہ جسٹن ٹروڈو کی سربراہی میں کینیڈا کا جی20 وفد پرواز میں سوار تھا۔ کینیڈا کے نشریاتی ادارے ’سی ٹی وی‘ نے کہا کہ اس طیارے کو متعدد آپریشنل مسائل کا سامنا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ چونکہ جسٹن ٹروڈو کی بھارتی حکومت کے ساتھ مزید کوئی سفارتی مصروفیت طے نہیں تھی، اس لیے وہ اپنے 16 سالہ بیٹے کے ساتھ اپنے ہوٹل میں ہی ٹھہرے۔ جی20 سربراہی اجلاس میں جسٹن ٹروڈو کی موجودگی ان کے چند جی7 ہم منصبوں کے مقابلے میں زیادہ خاموش تھی کیونکہ کینیڈا کی جانب سے دائیں بازو کے سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ان کی حکومت اور میزبان بھارت کے درمیان تناؤ موجود رہا ہے۔ بھارت نے کینیڈا پر ان سکھ قوم پرستوں کی سرگرمیوں پر نرمی برتنے کا الزام لگایا ہے جو شمالی بھارت میں الگ ملک چاہتے ہیں۔ بھارتی حکومت کے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ملاقات کے دوران کینیڈا میں انتہا پسند عناصر کی بھارت مخالف سرگرمیاں جاری رکھنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ کینیڈا نے حال ہی میں بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات بھی معطل کر دیے ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے میڈیا کو بتایا تھا کہ کینیڈا نفرت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہمیشہ آزادی اظہار، ضمیر کی آزادی اور پرامن احتجاج کی آزادی کا دفاع کرے گا۔
Tue, 12-09-2023
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ میں گزشتہ ماہ اپنے گھر سے مردہ حالت میں برآمد ہونے والی 10 سالہ بچی سارہ شریف کی سوتیلی ماں بینش بتول نے گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جوکہ متوفی بچی کے گھر والوں کی جانب سے منظرعام پر آنے والا پہلا بیان ہے۔ ڈان نیوز کے مطابقبظاہر سمارٹ فون پر ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں سارہ کی سوتیلی ماں بچی کے والد عرفان شریف کے ساتھ دکھائی دیں۔بینش بتول کا دعویٰ ہے کہ وہ دونوں میاں بیوی برطانوی حکام کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں اور ان کا خاندان پاکستانی پولیس کے تشدد کے خوف سے روپوش ہے۔ ویڈیو میں صرف بینش بتول ہی بولتی دکھائی دیں جبکہ عرفان شریف خاموش بیٹھے نظر آئے، ایک نوٹ بک سے پڑھتے ہوئے انہوں نے سارہ کی موت کو ایک ’حادثۃ‘ قررا دیا اور الزام عائد کیا کہ پاکستان میں پولیس ان کے خاندان کے قریبی افراد کو ہراساں کر رہی ہے، انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے اور ان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ سارہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں سارہ کے بارے میں بات کرنا چاہوں گی، سارہ کی موت ایک حادثہ تھی، پاکستان میں ہمارے خاندان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے وہ بری طرح متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا غلط بیانات دے رہا ہے اور جھوٹ بول رہا ہے، عمران (عرفان شریف کے بھائی) نے یہ بیان نہیں دیا کہ سارہ سیڑھیوں سے گر گئی اور اس کی گردن ٹوٹ گئی، یہ بات پاکستانی میڈیا کے ذریعے پھیلائی گئی، میں عمران کی حفاظت کے بارے میں بہت پریشان ہوں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی فیملی کے پاس کھانا ختم ہو رہا ہے اور وہ گھر سے نکل نہیں سکتے، خاندان کے تمام افراد روپوش ہو گئے ہیں کیونکہ ہر کوئی اپنے تحفظ کے حوالے سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بچے سکول جانے سے قاصر ہیں کیونکہ وہ گھر سے نکلنے سے ڈر رہے ہیں، کوئی بھی گھر سے باہر نہیں نکل رہا۔ The stepmother of Sara Sharif, the 10-year-old girl found dead at her home last month, has spoken for the first time in a video shared with Sky News and said the family is willing to co-operate with British authorities and "fight our case in court".https://t.co/YPD7bdpwqW pic.twitter.com/CAR1TKGl25 — Sky News (@SkyNews) September 6, 2023 ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ گھر میں کھانے پینے نے کا سامان ختم ہو گیا ہے اور بچوں کے لیے کوئی کھانا نہیں ہے کیونکہ تحفظ کے خوف سے ہم اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔بینش بتول نے کہا کہ خاندان کے روپوش ہونے کی وجہ یہ ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ پاکستانی پولیس ان پر تشدد کر کے انہیں مار ڈالے گی تاہم دوسری جانب جہلم پولیس کے سربراہ محمود باجوہ نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ مذکورہ خاندان کے افراد کو ہراساں کرنے اور تشدد کرنے کے الزامات غلط ہیں۔ گزشتہ ماہ عرفان شریف کے والد نے اپنے اہل خانہ کو ہراساں کیے جانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی تھی، عدالت نے انہیں دوبارہ حراست میں لینے سے پولیس کو روک دیا ہے تاہم پولیس افسران نے کہا کہ وہ ان سے پوچھ گچھ جاری رکھیں گے۔
Sep 07, 2023 | 12:26 PM
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہنا ہے کہ ہم عمران خان کی گرفتاری کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے کانگریس کے شراکت داروں کے ساتھ بہت سے معاملات پر مشاورت کرتے ہیں واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری اور سائفر پر سوال کیا گیا جس پر ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم عمران خان کی گرفتاری اور اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کسی ایک خاص معاملے کے بارے میں نہیں بولیں گے۔ ویدانٹ پٹیل کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ہمیں بات کرتے سنا گیا، ہم اپنے کانگریس کے شراکت داروں کے ساتھ بہت سے معاملات پر مشاورت کرتے ہیں۔ اس سے قبل ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا کسی ملک کے اندرونی سیاسی معاملات میں خود کو ملوث نہیں کرتا اور ہم پاکستان یا کسی دوسرے ملک کی سیاسی جماعتوں کا ساتھ نہیں دیتے۔ میتھیو ملر نے کہا تھا کہ سیاست دانوں کے خلاف کیسز پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، جمہوری اصولوں کا احترام لازم ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس میں انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے مواقع، انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کی بنیادی آزادیوں کے تحفظ کی اہمیت سمیت جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر تبادلہ خیال کیا۔
Wed, 06-09-2023
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی ایک جیل میں سٹاف کی 18اراکین کو قیدیوں کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کے جرم میں نکالے جانے کے بعد گارڈز کی کمی کا سامنا ہے اور نئی بھرتی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ جیل برطانوی شہر ریگزم کی ایچ ایم پی بروائن جیل ہے، جس کی 18خواتین سٹاف ممبرز کو مارچ 2022ءسے فروری 2023ءتک قیدیوں کے ساتھ جنسی تعلق کے جرم میں نوکری سے نکالا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر جیل کی ایشیہ گن نامی خاتون سکیورٹی گارڈ کے متعلق انکشاف ہوا کہ اس نے ایک قیدی کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھےتھے اور وہ اسے منشیات، موبائل فون اور دیگر چیزیں سمگل کرکے جیل میں پہنچاتی رہی ہے۔ اس خاتون سکیورٹی گارڈ کے خلاف تحقیقات میں 17دیگر خواتین سٹاف کے متعلق بھی ایسا ہی شرمناک انکشاف سامنے آ گیا۔ ان تمام خواتین پر عائد الزامات ثابت ہونے پر انہیں نوکری سے نکال دیا گیا، جس کے بعد جیل میں سکیورٹی سٹاف کی کمی واقع ہو گئی اور اب جیل انتظامیہ کو نئے سٹاف کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس سکینڈل کے بعد کوئی بھی خاتون سکیورٹی گارڈ اس جیل میں ملازمت کرنے کو تیار نہیں ہے۔ جیل انتظامیہ کی طرف سے کچھ ناتجربہ کار خواتین کو گارڈز بی اور سی کیٹیگری جیل میں تعینات کیا گیا تاہم اس کے منفی اثرات سامنے آئے۔
Sep 04, 2023 | 05:36 PM
لندن (ویب ڈیسک) برطانوی عدالت نےمنصوبہ بندی کے تحت دو نوجوانوں کے قتل کیس میں پاکستانی نژاد معروف برطانوی ٹک ٹاکر مہک بخاری اور اُس کی والدہ سمیت 4 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لیسٹر کی کراؤن کورٹ نے 24 سالہ برطانوی ٹک ٹاکر مہک بخاری، اس کی والدہ انسرین بخاری، ریحان کاروان اور رئیس جمال کو اقدامِ قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مہک بخاری کو کم سے کم 31 برس اور 8 ماہ قید جبکہ اس کی والدہ انسرین بخاری کو 26 برس، 9 ماہ، ریحان کاروان اور رئیس جمال کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ لیسٹر کی عدالت نے امیر جمال، نتاشہ اختر اور صناف گل مصطفیٰ کو بھی اقدامِ قتل کے جرم میں سزا سنائی، نتاشہ اختر کو 11 برس، امیرجمال کو 14 برس 8 ماہ، صناف گل کو 14 برس 9 ماہ قید کی سزائیں سنائی گئی۔عدالت میں استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ثاقب حسین کو انسرین بخاری سے ملاقات کا ’لالچ‘ دے کر بلایا گیا، انہیں کہا گیا کہ انہوں نے جو 3 ہزار پاؤنڈ خرچ کیے تھے وہ آکر لے لیں۔استغاثہ کا کہنا تھا کہ ثاقب اور ہاشم گاڑی پر لیسٹر جا رہے تھے تو دو گاڑیوں نے ان کا تعاقب کیا، تعاقب کے دوران گاڑی ایک درخت سے ٹکرا کر دو ٹکڑوں میں بٹ گئی۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ گاڑی درخت سے ٹکرانے کے حادثے میں ثاقب اور اعجاز ہلاک ہوگئے، مجرم ریحان کاروان اور رئیس جمال تعاقب کرنے والی گاڑیاں چلا رہے تھے۔
Sep 02, 2023 | 10:50 AM
لندن (ویب ڈیسک) انگلینڈ میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں جڑواں بہنوں نے ایک وقت ایک مقام پر بچوں کو جنا ہے، دونوں بہنوں کے نام گیلیان گوگس اور نیکول پیٹریکوکاس ہیں اور دونوں بچپن سے ہی گہرے جُڑواں رہے ہیں حتیٰ کہ ایک ہی وقت میں حاملہ بھی ہوئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیلیان نے 22 اگست کو دوپہر 1.20 بجے اپنے بیٹے کو جنم دیا اور صرف پانچ گھنٹے بعد ہی ان کے بھانجے یعنی نیکول کے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ گیلیان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کچھ بھی ہو ایک ہی وقت کیلئے آپ اس طرح کی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم دونوں بہنوں نے زندگی میں جو بھی کچھ کیا ہمیشہ ایک ساتھ کیا ہے لہذا یہ واقعہ بھی اس کی ایک مثال ہے۔ علاوہ ازیں مماثلتیں صرف یہیں نہیں رُکتیں کیونکہ دونوں بچوں کی پیدائش بھی ایک ہی ڈاکٹر جوزف سگروئی نے کی۔ ڈاکٹر کا واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ کوئی عام بات نہیں ہے۔ جڑواں بہنوں کے لیے بھی ایک ہی وقت یا ایک ہی دن جنم دینا عام بات نہیں ہے۔ مزید برآں دونوں بچوں کے وزن بھی 3.5 کلو گرام تھا۔ ڈاکٹر نے یہ بھی کہا کہ یہ شیر خوار کزنز سے زیادہ حیاتیاتی بھائیوں کی طرح ہوتے ہیں۔
Aug 30, 2023 | 12:42 PM
لندن(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہی کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے صلح ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مونس الہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو موقع ملا لیکن وہ ڈلیور کرنے میں ناکام رہے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار اور شہباز شریف اپنے مقاصد میں کامیاب رہے، انہوں نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ مونس الہی کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اگر انتخابات تاخیر سے ہوئے تو ملکی معیشت کو مزید نقصان ہوگا۔
Aug 28, 2023 | 03:48 PM
لندن ( چوہدری تبریز عورہ ) سلاؤ کونسل کے نومنتخب کونسلر عاصم رانجھا نے کہا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ آنے والوں کو برطانیہ زندگی میں آگے بڑھنے کا ،زندگی میں کچھ کرنے ،خوابوں کی تکمیل کا موقع فراہم کرتا ہے لیکن اس کے لیئے ضروری ہے کہ آپ خلوص نیت سے کام کریں محنت کریں مقامی سسٹم کے ساتھ ایمانداری سے چلیں ،مقامی سیاست میں حصہ لیں لوگوں کی خدمت کریں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔تفصیلات کے مطابق عاصم رانجھا ایڈوکیٹ کا آبائی تعلق پنجاب کے ضلع سرگودھا کے گاؤں نصیر پور کلاں کے سیاسی وسماجی گھرانے سے ہیں، ابتدائی تعلیم پاکستان کے معروف تعلیمی اداروں سے حاصل کی ہے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیئے 10 سال پہلے پاکستان سے برطانیہ کے شہر سلاؤ میں شفٹ ہوئے تھے جہاں اپنی قانون کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ڑے بھائی معروف قانون دان اصغر رانجھا کی لاء فرم میں تجربہ بھی حاصل کیا جو ان کے لیئے بہت فائدے مند ثابت ہوا ۰ قانون کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد عاصم رانجھا نے برطانیہ میں ہی مستقل رہائش پذیر ہونے کا فیصلہ کر لیا۔عاصم رانجھا نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وکالت کے پیشہ میں ہی کام کرنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ لاء فرم کو جوائن کر کے کام کر نا شروع کر دیا ۰ جس کا ان کو یہ فائدہ ہوا کہ مختلف کمیونٹی کے لوگوں ملنے اور ان کی خدمت کرنے کا ان کو موقع ملا ۔ عاصم رانجھا نے ذاتی حثیت میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی اور اس دوران ان کو اساس ہوا کہ اگر صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرنی ہے تو پھر ان کو مقامی سیاست میں حصہ لے کر ہی خدمت کرنا پڑے گی ، خدمت کے اس جذبے کو لے کر عاصم رانجھا نے لبرل ڈیموکریٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کونسلر کا الیکشن لڑا اور پہلی دفعہ ہی کامیاب ہو گئے ۔الیکشن میں لوگوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے انھوں نے اپنا منشور بنایا کہ اگر وہ کامیاب ہو جاتے ہیں تو صفائی کے نظام ، سکولوں کی اپ گریڈیشن ،سڑکوں کی مرمت ، کونسل کے نئے گھروں کی تعمیر ،بے گھر افراد کے لیئے خوراک سمیت رہائش کا انتظام ، مقامی لوگوں لیئے آگاہی و کلچر کے مخلتف پروگرام ، کرائم کی روک تھام کے لیئے پولیسنگ سسٹم ، صحت کے لیتے مزید بہتر سہولتیں ، مقامی لوگوں کے لئے مفت قانونی راہنمائی جیسے امور کے لیئے کام کریں گے ، اب وہ کونسلر منتخب ہوچکے ہیں۔ روزنامہ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں عاصم رانجھا کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان پر جو اعتماد کیا ہے اس پر وہ پورا اترنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں، اب میرا یہ فرض ہے کہ الیکشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیئے کوشش کروں اور میں کر رہا ہوں ،اللہ تعالیٰ کا کرم اور والدین کی دعائیں ہیں، انشااللہ میں اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہوں گا ۰ سلاؤ میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد ہے ،ان کے لئے اور پاکستان کے لیئے کام کرنا بھی ان کا ایک بنیادی مقصد ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ روزنامہ پاکستان کی پاکستانی کمیونٹی کے لیئے بے پناہ خدمات ہیں جس پر میں روزنامہ پاکستان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
Aug 26, 2023 | 03:21 PM
ایڈنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) سکاٹ لینڈ میں اپنی فرم کے 9لاکھ پاﺅنڈز چرانے والی دھوکے باز خاتون کو قید کی سزا سنا دی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق ایما ہنٹ نامی یہ خاتون ایڈنبرا میں واقع فرم مک لین پراپرٹیز میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھی جہاں سے اس نے یہ خطیر رقم چوری کی۔یہ فرم لوگوں کو کرائے پر گھر دینے سمیت دیگر سروسز مہیا کرتی ہے۔ 37سالہ ایما ہنٹ اپنی کمپنی کے ذریعے گھر کرائے پر حاصل کرنے والوں سے کرائے کی رقم اپنے ذاتی بینک اکاﺅنٹ میں منتقل کرواتی رہی۔اس طرح اس نے کمپنی کو 9لاکھ پاﺅنڈ کا چونا لگایا۔ایما ہنٹ نے چوری کی گئی رقم میں سے 40ہزار پاﺅنڈ صرف ایک ہیلووین پارٹی پر اڑا ڈالے۔ اسی طرح اس نے ہزاروں پاﺅنڈز اپنی سالگرہ کی تقریب پر خرچ کر دیئے۔ وہ اس چوری کی رقم پر پرتعیش زندگی گزار رہی تھی۔ اس کی چوری کا بھانڈا پھوٹنے پر اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں سے اسے مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
Aug 25, 2023 | 06:15 PM
لندن (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے صارفین کو اپنے نام سے موجود جعلی ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے خبردار کر دیا اور واضح کیا کہ ان کا ٹک ٹاک پر کوئی ذاتی اکائونٹ نہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان ٹک ٹاک پر اکائونٹ بنا چکے ہیں جس پر انہیں ریکارڈ فالوورز بھی ملے ۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں جماعت نے واضح کیا کہ ٹک ٹاک پر ان کے نام سے موجود اکاؤنٹ جعلی ہے، ساتھ ہی انہوں نے جعلی اکائونٹ کا سکرین شاٹ بھی شیئرکیا جس اڑھائی لاکھ سے زائد فالوورز ہیں ۔ This is a fake account on TikTok - I am not on TikTok pic.twitter.com/x0m69aQ4rA — Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) August 22, 2023
Aug 24, 2023 | 03:54 PM
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے فحش ڈانس کرنے کے الزام میں 14سٹیج اداکاراﺅں کو شوکاز نوٹس بھجوا دیئے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق جن اداکاراﺅں کو نوٹس بھجوائے گئے ہیں ان میں مہک بٹ، کومل چوہدری، قسمت شہزادی، نایاب خان، شیلا چوہدری، ایان اختر، سونو بٹ، خوشبو خان، روشنی خان، کاجل چوہدری، سارہ خان، ماہ نور، جیا بٹ اور تبسم خان شامل ہیں۔نوٹس میں ان اداکاراﺅں کو 7دن کے اندر اپنے فحش ڈانس کے حوالے سے وضاحت کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ یہ نوٹس 9اگست کو جاری کیا گیا تھا لیکن اب تک 9اداکاراﺅں کی طرف سے اس پر محکمہ داخلہ پنجاب کو کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کے علاوہ دو سٹیج اداکاراﺅں شمع رانا اور پائل چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جنہوں نے قبل از گرفتاری ضمانت کرا لی ہے۔
Aug 23, 2023 | 08:57 PM
لندن (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ انہوں نے مشرف کے دور میں اٹک جیل میں قید کاٹی تھی اور وزیراعظم شہباز شریف بھی اٹک جیل جا چکے ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا اپریل 2000 سے دسمبر 2000 تک آٹھ ماہ میں اٹک جیل میں رہا، اٹک جیل میں گرمی میں شدید لو اور سردی میں شدید ٹھنڈی ہوا آتی تھی، مجھے جیل میں ڈالتےہوئے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ میرا جرم کیا ہے، مجھے جیل میں ڈالا بھی دھکے سے اور نکالا بھی دھکے سے۔ حسین نواز کا کہنا تھا اٹک جیل میں اُس وقت بھی وہی حالات تھے جن حالات میں آج چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، کسی کی مشکل پر کبھی خوش نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا جن دنوں میں ہم نے وہاں قید کاٹی ان دنوں عدالت کی نام کی چیز نہیں تھی، مشرف کے دور میں جن لوگوں کو سزائیں ملتی تھیں وہ کسی عدالت نہیں جا سکتے تھے، ہم اے یا بی کلاس کا مطالبہ کرتے تو کس سے کرتے؟ ہم نے صبر کے ساتھ وقت گزارا۔
Aug 12, 2023 | 11:29 AM
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں شراب کے نشے میں دھت ہو کر ’طلاق‘ کا جشن منانے اور گاڑی کا ایکسیڈنٹ کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 39سالہ ڈیبورا پیپلو نامی یہ خاتون تین بچوں کی ماں ہے، جس کی حال ہی میں اپنے شوہر سے طلاق ہوئی ہے۔ برطانوی قصبے ہومز شیپل سے تعلق رکھنے والی ڈیبورا کا شوہر ایک کاروباری شخص تھا، چنانچہ طلاق کے تصفیے میں خاتون کو کافی دولت ہاتھ آئی۔ تصفیہ ہوجانے پر خاتون شراب کے نشے میں دھت اپنے ’رینج روور‘ پر جا رہی تھی کہ اس نے ایک جگہ گاڑی دیوار کے ساتھ ٹکرا دی۔ ٹیسٹ میں معلوم ہوا کہ ڈیبورا نے ڈرائیونگ کے لیے مجوزہ حد سے تین گنا زیادہ شراب پی رکھی تھی۔ اس نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اپنی طلاق کا جشن منا رہی تھی۔ اس دوران اس نے شراب پی اور اسی حالت میں گاڑی نکال لی۔پولیس نے ڈیبورا کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا جہاںجج نے اس کے گاڑی چلانے پر دو سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے اسے 200پاﺅنڈ جرمانے کی سزا سنا دی۔
Aug 04, 2023 | 05:41 PM
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیگی رہنما طلال چودھری کی نااہلی کی مدت ختم ہونے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیان بھی آگیا۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں نوازشریف کی طرف سے لکھا گیا کہ ’’ طلال چوہدری کو توہین عدالت میں ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ جھوٹے مقدمات، سزاؤں، نااہلیوں اور ہر طرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے تو صبر و استقامت سے برداشت کر لیا مگر ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی۔ 2017 کے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبر اور ناانصافی کے ان فیصلوں نے 2022 تک اس نہج تک پہنچا دیا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئی، اگر اللہ تعالٰی نے مسلم لیگ ن کو دوبارہ موقع دیا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے، انشااللہ‘‘۔
Aug 02, 2023 | 03:36 PM
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک لڑکی نے اجنبی نوجوان کے ساتھ رات گزارنے کے بعد اس پر جنسی زیادتی کا الزام لگا کر اپنے بوائے فرینڈ کے ہاتھوں اسے قتل کروا دیا۔ میل آن لائن کے مطابق 39سالہ مائیکل ہلیئر نامی قاتل جیل میں قید ہے جہاں خفیہ کیمرے کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں اسے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ”میں اور میری گرل فرینڈ دونوں چاہتے تھے کہ مقتول (38سالہ لیام سمتھ) کو تکلیف پہنچے۔“اس سے قبل پولیس اس کیس کو حسد کی وجہ سے قتل کی نظر سے دیکھ رہی تھی تاہم اس انکشاف کے بعد مائیکل ہلیئر کی 37سالہ گرل فرینڈ ریچل فلسٹو کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ لیام کے ساتھ ایک رات گزارنے کے بعد ریچل نے اپنے بوائے فرینڈ کو جھوٹ بولا کہ لیام نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے، جس پر اس کے بوائے فرینڈ نے فائرنگ کرکے لیام کو قتل کر ڈالا۔ پراسیکیوٹرز کی طرف سے مانچسٹر کورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریچل نے لیام کے ساتھ معاشقہ چلایا اور مائیکل کے ساتھ بے وفائی کی اور جب مائیکل کو اس کے معاشقے کا علم ہواتو اس نے مائیکل کو یہ یقین دلا دیا کہ اسے لیام نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ جیل میں ریکارڈکی گئی خفیہ ویڈیو میں مائیکل لیام کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرتا ہے، اس ویڈیو کو بطور ثبوت عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
Jul 26, 2023 | 06:43 PM
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) غیرملکی شہری کس طرح برطانیہ کے ’پناہ‘ کے نظام کو دھوکا دیتے اور برطانیہ کی شہریت حاصل کرتے ہیں؟ ایک صحافی نے تحقیقاتی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق صحافی نے شناخت تبدیل کرکے ایسے لوگوں سے ملاقاتیں کیں، جو غیرملکیوں کو برطانوی نظام کو دھوکہ دینے میں مدد دیتے اور انہیں برطانوی شہریت حاصل کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔ انہی میں سے ایک شخص کا نام محمد اظفر احمد تھا، جس نے صحافی کو بتایا کہ ”اگر آپ کو برطانوی شہریت چاہیے تو لڑکی تلاش کرو اور اس کے ساتھ شادی کر لو، اس کے علاوہ اور کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔“ صحافی اپنی رپورٹ میں بتاتا ہے کہ ایک شخص نے تو اپنی بیٹیوں کو صحافی کی فرضی بیوی بنانے کی حامی بھر لی تھی۔جب صحافی نے اس سے رابطہ کیا اور شہریت دلانے میں مدد کی درخواست کی تو اس نے اچھی خاصی رقم کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بدلے میں وہ اپنی کسی ایک بیٹی کی اس کے ساتھ شادی کرا دے گا، جس سے اسے برطانوی شہریت مل جائے گی۔ صحافی اپنی رپورٹ میں بتاتا ہے کہ یہ دھندہ زیادہ تر رشتے کرانے والے لوگ کر رہے ہیں۔ وہ حقیقی شادیوں کے ساتھ ساتھ پیسوں کے عوض بے شمار ایسی فرضی شادیاں بھی کراتے ہیں جن کا مقصد میاں بیوی میں سے کسی ایک کو برطانیہ کی شہریت دلانا ہوتا ہے۔ ایسی شادیوں میں میاں بیوی میں سے جو فریق پہلے سے برطانوی شہری ہوتا ہے، اسے بھی فرضی شادی کے عوض اچھی خاصی رقم ادا کی جاتی ہے۔یہ لوگ 10ہزار پاﺅنڈ تک کی رقم میں کسی بھی غیرملکی کے لیے فرضی دولہا یا دلہن کا انتظام کر دیتے ہیں۔
Jul 26, 2023 | 06:47 PM
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک اور لڑکی نے ایک پریمیئر لیگ فٹ بالر پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق لڑکی نے بتایا ہے کہ اس کے ساتھ یہ واقعہ 8سال قبل ہوا، جب اس کی عمر محض 19سال تھی۔ اس کا کہنا تھاکہ ”میں آج بھی اس قدر خوفزدہ ہوں کہ اس کا فٹ بالر کا نام سرعام نہیں لے سکتی اور نہ اس کے خلاف پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہمت کر پا رہی ہوں۔ میں آج بھی اس کا چہرہ آئے روز ٹی وی پر دیکھتی ہوں ، جس سے میری تکلیف دوچند ہو جاتی ہے۔“متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ”مجھے ایک ہاﺅس پارٹی میں میرے ہی بیڈروم میں اس شخص نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ وہ آج کل پریمیئر لیگ میں کھیلتا ہے۔ ہم دونوں اس سے پہلے کبھی ملے تھے اور نہ اس کے بعد ہماری کبھی ملاقات ہوئی۔وہ تو میرا نام بھی نہیں جانتا ہوگا اور شاید آج وہ مجھے پہچان بھی نہ پائے۔“لڑکی بتاتی ہے کہ میں نے یہ واقعہ اپنے والدین اور حتیٰ کہ دوستوں تک کو نہیں بتایا مگر اس واقعے نے میری زندگی تباہ کر کے رکھ دی ہے۔ میں اس صدمے کو آج تک تنہاءبرداشت کرتی آ رہی ہوں۔تاہم اب میں بولنا چاہتی ہوں۔ حالیہ دنوں کئی لڑکیوں نے فٹ بالرز کے خلاف پولیس کو رپورٹس درج کرائی ہیں، جس سے مجھے بھی ہمت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ میل آن لائن کی طرف سے لڑکی یا فٹ بالر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
Jul 21, 2023 | 05:54 PM
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بیوی اور 2 بچوں کو چھوڑ کر یوکرینی پناہ گزین لڑکی کے ساتھ گھر سے بھاگنے والے برطانوی شخص کی اس لڑکی کے ساتھ بھی علیٰحدگی ہو گئی اور معاملہ عدالت جا پہنچا۔ میل آن لائن کے مطابق 23سالہ صوفیہ کارکیڈم نامی لڑکی روس کے حملے کے بعد یوکرین سے برطانیہ پہنچی تھی اور بریڈ فورڈ میں ٹونی گارنیٹ نامی اس شخص کے گھر کرائے پر ٹھہری تھی۔گھر میں قیام کے دوران ہی ٹونی اور صوفیہ کے درمیان تعلقات استوار ہوئے اور چند ماہ قبل ٹونی اپنی بیوی اور 2 بچوں کو چھوڑ کر صوفیہ کے ساتھ گھر سے بھاگ گیا۔ دونوں کہتے تھے کہ وہ ایک دوسرے کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے اور جلد شادی کرنے والے ہیں تاہم چند لڑائی جھگڑوں کے بعد ہی دونوں میں علیٰحدگی ہو گئی۔ایک روز جھگڑا اس قدر بڑھا کہ صوفیہ نے ٹونی پر حملہ کر دیا اور ٹونی نے پولیس کو کال کر دی۔ جب پولیس گھر پر پہنچی ، صوفیہ اپنا سامان سمیٹ کر وہاں سے نکلنے ہی والی تھی، آفیسرز نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر صوفیہ نے ایک پولیس افسر پر بھی حملہ کر دیا اور اس کی کلائی پر دانتوں سے کاٹ لیا۔پولیس نے صوفیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے اور اس کے خلاف بریڈفورڈ مجسٹریٹس کورٹ میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ روز صوفیہ کو عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم اس کی عدم پیشی پر عدالت نے اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
Jul 18, 2023 | 05:56 PM